ایران کی نیک نیتی پرکسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئیے
سید عباس عراقچی نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران جوہری معاہدے کے مفادات سے فائدہ نہ اٹھائے تو اپنے جوہری وعدوں کی کمی کو جاری رکھے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جمعہ کے روز روس کے دارالحکومت ماسکو میں پانچویں عدم پھیلاؤ کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نزدیک ایرانی قوم کے مفادات کا تحفظ دوسرے ملکوں سے طے پانے والے مخصوص معاہدے کو بچانے سے زیادہ اہم ہے.
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو جوہری معاہدے کے تحفظ میں ایران کی نیک نیتی پرکسی بھی قسم کا کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئیے ۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہمارے ملک نے اپنی دیانتداری اور دوسرے فریقین کی بدعہدی کی صورت میں اپنے وعدوں میں کمی لانے کے اقدامات کئے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے سفارتکاری کو کافی موقع دیا اوراگر اس صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تو جوہری وعدوں کی کمی کو جاری رکھا جائے گا۔
نائب ایرانی وزیر خارجہ نے عالمی سطح پر امریکہ کی تنہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں شریک ممالک امریکہ کے یکطرفہ اقدامات کی مذمت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں عدم پھیلاؤ کی پانچویں بین الاقوامی کانفرنس میں ایران سمیت 40 ممالک شریک ہیں۔