الحشد الشعبی کے اڈوں پر امریکی جارحیت کھلی دہشتگردی : ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراق میں دہشت گرد امریکی فوجیوں کی جارحیت اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے اڈوں پر امریکی حملوں کو دہشتگردی کا کھلا مصداق قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کو علاقے میں اپنی غاصبانہ موجودگی کا سلسلہ ختم کرنا چاہئے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے عراق کی عوامی رضاکار فورس کے اڈوں پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو عراق کی خودمختاری ، اقتداراعلی اور ارضی سالمیت کا احترام کرنا چاہئے اور اس ملک میں اپنی مداخلت کا سلسلہ بند کرنا چاہئے۔
سید عباس موسوی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امریکی دعوے کے جھوٹے ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایسے فوجیوں کے اڈوں کو نشانہ بنایا ہے جنھوں نے گذشتہ برسوں میں داعش پر کاری ضربیں لگائی ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے علاقے میں بیرونی فوجیوں کی موجودگی کو بدامنی ، کشیدگی اور بحران کا باعث قرار دیا اور کہا کہ امریکہ نے ان حملوں سے دہشتگردی کی بھرپور حمایت کی ہے اور ملکوں کی خودمختاری اور اقتداراعلی کو کوئی اہمیت نہ دینے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو ان غیرقانونی اقدامات کی ذمہ داری بھی قبول کرنا چاہئے۔انہوں نے عراق کی خودمختاری ، ارضی سالمیت اور قومی اقتداراعلی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امریکہ کے اس دہشتگردانہ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے گھروالوں سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔