جنرل سلیمانی کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حماس کے سربراہ کا جلوس جنازہ سے خطاب
حماس کے سربراہ ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور جنرل سلیمانی کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
تہران میں سوگواروں کے دسیوں لاکھ کے اجتماع سے فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم آج یہاں اس لئے آئے ہیں تاکہ اس عظیم کمانڈر کی فداکاریوں کو خراج عقیدت پیش کرسکیں جس نے فلسطین کے استقامتی گروہوں کو آج اس مقام پر پہنچایا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں -
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ امریکا نے جو یہ مجرمانہ اقدام کیا ہے وہ انتہائی درندگی ہے - امریکا نے جس درندگی کے ساتھ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا واشنگٹن صیہونی حکومت کو بھی اسی طرح کی درندگی کرنے کو کہتا ہے تاکہ وہ فلسطینیوں کے سلسلے میں بھی درندگی کرے۔ اسماعیل ہنیہ نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ امریکا کی اس دہشت گردی کی مذمت کرے ۔
انہوں نے کہا کہ سرزمین فلسطین میں استقامتی محاذ اور فلسطینی گروہوں کی استقامت و جد وجد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک غاصبوں کو اپنی سرزمین سے باہر نہیں نکال دیتے - اور میں یہ کہنا چاہتاہوں کہ اب اس کے بعد استقامتی محاذ کی طاقت میں اور اضافہ ہوگا اور اس طرح کی شہادت ہمیں اپنے راستے کو آگے بڑھانے کے لئے حوصلہ دے گی اور ہم بیت المقدس اور فلسطین کو آزاد کرائیں گے - اسماعیل ہنیہ نے کہا ہم آخر میں یہ اعلان کرتے ہیں کہ شہید جنرل سلیمانی جنھوں نے اپنی پوری زندگی فلسطین اور بیت المقدس کی حمایت میں بسر کی یہ عظیم کمانڈر شہید القدس ہے شہید القدس ہے اور شہید القدس ہے اور یہ بھی اعلان کرتا ہوں کہ استقامتی محاذ نے جس طرح سے لبنان اور غزہ میں فتح حاصل کی ہے آئندہ بھی دشمنوں کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کرے گا۔