ایران بھر میں شہید قاسم سلیمانی اور ساتھیوں کا چہلم
Feb ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۸ Asia/Tehran
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی، عراق کی عوامی رضاکارفورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید جنرل ابو مہدی المہندس اور دیگر شہدائے استقامت کا چالیسواں جمعرات کو پورے ایران میں منایا گیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں ایرانی عوام نے شرکت کی۔
ایران کے عوام نے سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس نیز ان کے دیگر ساتھیوں کے چہلم کی مجالس اور دوسرے پروگراموں میں بھرپور طریقے سے شرکت کی اور خطے سے دہشت گرد امریکی فوج کے انخلا کا مطالبہ کیا۔
شہید جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر شہدائے استقامت کے چہلم کے موقع پر مشہد المقدس میں بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام میں اور قم المقدسہ میں روضہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں بڑے بڑے تعزیتی اجتماعات منعقد ہوئے جن میں اعلی سول اور فوجی عہدیداروں کے علاوہ بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی زائرین نے بھی شرکت کی۔
ایران کے دیگر شہروں منجملہ ارومیہ، اصفہان، ایلام، مہاباد، اردبیل، بیرجند، کرمان، زاہدان، کرد شہر، تبریز اور ہمدان میں بھی شہید قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کا چہلم بڑے پیمانے پر منایا گیا۔
چہلم کے اجتماعات میں شریک لوگوں نے امریکہ کے دہشت گردانہ اقدام کے جواب میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میزائلوں کی قدر دانی کرتے ہوئے خطے میں امریکہ کی ہرقسم کی سازشوں کے خلاف ڈٹ جانے کا عزم ظاہر کیا۔
دارالحکومت تہران کی مرکزی عیدگاہ مصلائے امام خمینی میں بھی شہید قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کے چہلم پر بہت بڑا تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں غیر ملکی مہمان بھی شریک تھے۔
اس تعزیتی اجتماع میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے خطاب کیا جبکہ قدس فورس کے نئے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کا وصیت نامہ پڑھ کر سنایا۔
سردار محاذ استقامت جنرل قاسم سلیمانی تین جنوری کو عراقی حکام کی دعوت پر عراق گئے تھے جہاں بغداد ایئرپورٹ کے قریب امریکی دہشت گرد فوج نے ان کے کنوائے پر بزدلانہ حملہ کردیا تھا۔ اس حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کے علاوہ عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابومہدی المہندس اور آٹھ دوسرے افراد شہید ہوگئے تھے۔