ٹرمپ نے داعش سے ایران کی نفرت کا اعتراف کر ہی لیا: جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شامی تیل کے لیے امریکی فورسز کی موجودگی اور داعش سے ایران کی نفرت سے متعلق ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کل رات ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ جسے ہم سب جانتے ہیں یعنی امریکی فوجی شامی تیل لینے کے لئے اس ملک میں آئے ہیں۔
محمد جواد ظریف نے اسی طرح ٹرمپ کے اس اعتراف کی جانب بھی اشارہ کیا کہ ایران داعش سے نفرت کرتا ہے اور شام، روس اور ایران، داعش سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ نے نہ صرف داعش سے مقابلہ نہیں کیا بلکہ ایک بزدلانہ اقدام کے ذریعے داعش کے نمبر ایک دشمن جنرل سلیمانی کو شہید کیا جس سے صرف ٹرمپ کے آلہ کار اور داعش ہی خوش ہوئے۔
ٹرمپ نے گزشتہ روز ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دعوی کیا تھا کہ امریکہ نے القاعدہ، داعش اور دوسرے دہشتگرد گروہوں کو شکست دی اور اب ایران، روس اور عراق جیسے دوسرے ممالک کو بھی امریکہ کی طرح اس قسم کے گروہوں کامقابلہ کرنا چاہئیے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے یہ دعوی ایسے میں کیا ہے کہ جب خود امریکہ داعش کی تخلیق کا باعث ہے اور ایران نے عراق اور شام میں اس دہشتگرد گروہ کے ساتھ مقابلہ کرکے اسے نابود کردیا۔