امریکہ نے پانچ ایرانی سائنسدانوں پر پابندیاں عائد کیں
Mar ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۵:۵۶ Asia/Tehran
امریکی وزارت خارجہ نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف خود سرانہ پابندیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، مزید پانچ ایرانی سائنسدانوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے دعوی کیا ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے حوالے سے پرانے سوالات اب بھی باقی ہیں۔ امریکہ نے یہ دعوی ایسے وقت میں کیا ہے جب ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے نے ایران کی ماضی کی ایٹمی سرگرمیوں سے متعلق کیس کافی عرصہ پہلے بند کر دیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں ایران سے آئی اے ای اے کے ساتھ مکمل تعاون اور عالمی برادری کے سامنے صداقت کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
بیان میں اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا کہ امریکہ نے نہ صرف یہ کہ ایٹمی معاہدے کی کبھی پابندی نہیں کی بلکہ اس عالمی معاہدے سے غیر قانونی طور پر علیحدگی بھی اختیار کرلی ہے۔ اس کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کیا ہے اور وہ آئی اے ای اے کے ساتھ بھی بھرپور تعاون کر رہا ہے۔