فرانس میں قید بے گناہ ایرانی شہری رہا
Mar ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۳:۱۱ Asia/Tehran
امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں فرانس میں گرفتار ایرانی شہری کو رہا کردیا گیا ہے۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے انجینیئر جلال روح اللہ نژاد کی آزادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ایرانی شہری کو امریکی سازش کے تحت فرانس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انجینیئر جلال روح اللہ نژاد کو دفاع کا حق دیئے بغیر بے بنیاد الزامات میں قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ فرانس کی ایک جیل میں بند تھے۔
غلام حسین اسماعیلی کا کہنا تھا کہ روح اللہ نژاد کی رہائی ایرانی عدلیہ کی کوششوں کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔انہوں نے جاسوسی کے جرم میں بند ایک فرانسیسی شہری کے ایرانی شہری کے ساتھ تبادلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہمیں امید ہے کہ ایران کا یہ اقدام کہ جو ہمارے سیکورٹی تسلط، اسلامی عفو و درگزر اور ایرانی شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی غرض سے حکومت ایران کی کوششوں کا آئینہ دار ہے، انسانی حقوق کے نام نہاد دعویداروں کے لیے نمونہ عمل ثابت ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران میں پانچ سال قید کی سزا کاٹنے والے فرانسیسی جاسوس رولاند گیبریل مارشل کو سزا میں تخفیف دیتے ہوئے تہران میں فرانسیسی سفارت خانے کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔