Apr ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  •  امریکہ نے نشہ چھوڑنے کا اچھا موقع گنوا دیا: جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کورونا امریکہ کیلئے پابندیوں کے نشے کو چھوڑنے کا اچھا موقع تھا جسے واشنگٹن نے گنوا دیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کل رات اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ایران نے امریکی پابندیوں کے باوجود اپنے انسانی و سائنسی وسائل اور غیر ملکی دوستوں کی مدد سے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں قابل قدر پیشرفت کی ہے۔

جواد ظریف نے اس بات پر زور دیا کہ کورونا وائرس امریکہ کیلئے پابندیوں کے نشے کو چھوڑنے کا اچھا موقع تھا جسے اس نے گنوا دیا  اور اس طرح اب وہ ایرانی قوم کے ذہن میں بدنام رہے گا۔

ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد عالمی رہنماوں اور دنیا کے کئی ممالک من جملہ ترکی، روس، پاکستان اور چین نے ایران کے خلاف عائد امریکہ کی غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود وھائٹ ہاوس نشیں عناصر ایران پر پابندیوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ دباو ڈالنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں اور آئے دن نئی پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی اعلی کونسل برائے انسانی حقوق کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متاثرہ تمام ممالک کے خلاف عائد پابندیوں کو اٹھانے اورتمام ممالک سے کورونا کی روک تھام میں ایران کے ساتھ تعاون کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ٹیگس