Apr ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران، ’’مومنانہ خدمت‘‘ مہم کا آغاز ہوا

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور مختلف امدادی اداروں کے عہدیداروں کے فیصلے کے بعد پورے ایران میں ضرورت مند گھرانوں کی مدد کے لئے امام حسن مجتبی نامی ایک ہیڈکواٹر تشکیل دے دیا گیا ہے۔

پندرہ شعبان کو رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ٹیلی ویژن کے ذریعے قوم سے اپنے خطاب میں فرمایا تھا کہ ماہ مبارک رمضان میں معاشرے کے ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لئے خدمت مومنانہ کے زیرعنوان ایک ملک گیر مہم چلائی جائے تاکہ غریبوں اور ضرورتمندوں کی مدد ہو سکے-

رہبرانقلاب اسلامی کی اس مدبرانہ رہنمائی اور سفارش کے بعد سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے ایران کے مختلف امدادی اداروں کے عہدیداروں کا ایک اجلاس بلایا جس میں اس مومنانہ اور انسان دوستانہ مہم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے فیصلہ کیا گیا-

اس اجلاس میں سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل سلامی، وزیر صنعت و معدن و تجارت رضا رحمانی، مستضعفین یا ناداروں کی مدد کرنے والے ادارے ’’مستضعفین فاؤنڈیشن‘‘ کے سربراہ پرویز فتاح، ایگزیکیشن آف امام خمینی آرڈر ’’EIKO‘‘ کے سربراہ محمد مخبر، امام خمینی امدادی کمیٹی کے سربراہ مرتضی بختیاری اور عوامی رضاکار فورس بسیج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل غلام رضا سلیمانی نے شرکت کی-

اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی رضاکار فورس بسیج کے جوان ہی معاشرے میں ضرورت مند لوگوں کا پتہ لگانے کے لئے سب سے بہترین ذریعہ ہیں اور یہ لوگ ضرورت مندوں کا پتہ لگا کر انہیں امدادی سامان پہنچائیں گے- اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ پہلے قدم کے طور پر پورے ملک میں پینتیس لاکھ ضرورت مند گھرانوں تک امدادی سامان پہنچایا جائے گا -

سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے اجلاس میں امام حسن مجتبی (ع) امدادی ہیڈکواٹر کی تشکیل کے مقاصد اور ایران میں کورونا بیماری کی وجہ پیدا ہونے والی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ بیماری ایک عالمی وبا ہے اور دنیا کے سبھی ملکوں میں پھیل چکی ہے لیکن ایران میں عوام کو ایک وائرس سے بڑھ کر پابندیوں، نفسیاتی جنگ اور حتی فوجی کارروائی کی دھمکیوں جیسے دیگر وائرس کا بھی سامنا ہے-

انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں بہت سے ایرانی شہریوں کے روزگار کے مواقع ختم ہوجانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خدمت مومنانہ کے زیرعنوان یہ امدادی مہم معاشرے کے غریب اور نادار طبقوں پر مزید بوجھ پڑنے سے روکے گی -

اس درمیان ایران کی سبھی عوامی تنظیمیں اور گروہ ، سرکاری اداروں اور حکام کے ساتھ کورونا کے سبب مشکلات کا شکار غریب لوگوں کی مدد کرنے میں مصروف ہیں- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے خدمت مومنانہ کے زیرعنوان امدادی مہم کی کال کے بعد پورے ملک میں مختلف گروہوں اور تنظیموں نے امدادی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

ٹیگس