May ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • کورونا کے خلاف جنگ میں اپنے تجربات منتقل کرنے کو تیار ہیں: جنرل باقری

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کورونا کی روک تھام کے لئے اپنے تجربات علاقے کے ممالک کو منتقل کرنے کے لئے تیار ہے۔ اس درمیان ایران کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ایران کے اقدامات امریکا اور یورپ کے مقابلے میں بہت زیادہ کامیاب رہے ہیں۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے سنیچر کو عراق، آذربائیجان، افغانستان، پاکستان، عمان، قطر، کویت، شام اور لبنان کے وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے سربراہوں کے نام اپنا علیحدہ علیحدہ پیغام ارسال کیا جس میں انہوں نے کورونا کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیاب کارکردگی اور کورونا کی روک تھام میں مسلح افواج کے اہم اور وسیع کردار کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ایران کی مسلح افواج کورونا کی روک تھام کے میدان میں حاصل ہونے والے تجربات کو اپنے دوست اور برادر ممالک کو منتقل کرنے کے لئے تیار ہیں۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ کورونا وائرس کا سائنسی بنیادوں پر صحیح طریقے سے مقابلہ نہ کرنے کی صورت میں یہ وائرس تیزی کے ساتھ پھیلتا ہے اور پھر پوری قوم کی صحت و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔

میجر جنرل باقری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کامیاب اقدامات اسلامی ممالک اور دیگر دوست و پڑوسی ممالک کے لئے راہ گشا ثابت ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا ہے کہ یورپ اور امریکہ کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے پاس ایک تہائی ہاسپیٹل اور بیڈ کی سہولیات ہیں اس کے باوجود وہ کورونا کی روک تھام میں ان ملکوں کے مقابلے میں کافی کامیاب رہا ہے۔

ایران کے نائب وزیر صحت قاسم جان بابائی نے کورونا کے خلاف جنگ میں ایران کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کے مقابلے میں ایران کے میڈیکل سسٹم کی صلاحیتوں اور توانائیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک ترقی یافتہ ملک ہے۔

مسٹر بابائی نے کورونا مخالف مہم میں ایران کے عوام کی دیرینہ اور قدیم تہذیب و ثقافت کو بھی مؤثر قرار دیا کہ کہا کہ سن رسیدہ افراد اور بوڑھوں کی گھروں میں دیکھ بھال اسی درخشاں تہذیب و ثقافت کا نتیجہ ہے جس کے باعث ستر سال سے اوپر کے بزرگوں کی شرحِ اموات کم رہی ہے جبکہ امریکہ اور یورپ میں سب سے زیادہ اموات بوڑھوں اور سن رسیدہ افراد کی ہوئی ہیں۔

ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا کہ چین کے بعد ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے کورونا وائرس پھیلنے کی رپورٹ دی جبکہ بعض دیگر ممالک نے اپنے ملکوں میں اس بیماری کے پھیلنے کی کھل کر رپورٹ نہیں دی اور مسلسل اسے چھپانے کے درپے رہے۔

ٹیگس