May ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • امریکہ اپنے مفادات کی خاطر دنیا کا سکون تباہ کر رہا ہے: موسوی

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا کہ امریکا کو دنیا بھر میں اپنی ذلت آمیز خودسرانہ پالیسیوں کو ختم کرنا ہوگا۔

جمعے کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے عالمی معاہدوں سے امریکہ کی علیحدگی کا انفوگراف شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایٹمی معاہدہ وہ پہلا اور آخری کثیر الفریقی معاہدہ نہیں جس سے ٹرمپ نے علیحدگی اختیار کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ امریکہ اپنے مختصر مدت مفادات کے حصول کی خاطر دنیا کے دیگر ملکوں کے چین و سکون کو تباہ کر رہا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے امریکی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اگرچہ امریکہ ایٹمی معاہدے سے نکل چکا ہے تاہم وہ رواں ماہ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کی قرار داد پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ایران سے اسحلے کی خرید و فرخت پر پابندی سے متعلق سلامتی کونسل کی عائد کردہ پابندیاں رواں سال اکتوبر میں ختم ہو جائیں گی۔ سلامتی کونسل نے یہ پابندیاں سن دو ہزار چھے، دو ہزار سات میں عائد کی تھیں لیکن دو ہزار پندرہ کے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے نتیجے میں یہ پابندیاں اٹھارہ اکتوبر سے غیر موثر ہو جائیں گی۔

امریکہ ایسے وقت میں ایران پر عائد اسلحہ جاتی پابندیاں ہٹانے کی مخالفت کر رہا ہے جب وہ خود دنیا بھر میں ہتھیار فروخت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار پندرہ سے دو ہزار انیس کے دوران اسحلہ کی عالمی تجارت میں امریکہ کا حصہ چھتیس فی صد رہا ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔

ٹیگس