رہبر انقلاب کا خطاب، مسئلہ فلسطین میں نئی جان ڈال دے گا: تخت روانچی
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی، امریکہ اور صیہونی حکومت کی کوششوں کے برخلاف یوم قدس کو دنیا کے سب سے بڑے موضوع میں تبدیل کردیں گے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے جمعرات کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ایسے عالم میں جب سینچری ڈیل اور غرب اردن کی مزید زمینوں کو مقبوضہ علاقوں میں ضم کرنے کی سازش کی جارہی ہے، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای ، یوم قدس کے خطاب میں مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں ایران اور عالم اسلام کا موقف پیش کریں گے جو بڑے پیمانے پر عالمی توجہ کا حامل ہوگا۔
اقوام متحدہ میں ایران کی مستقل مندوب نے کہا کہ غاصب اسرائیلیوں نے فلسطینیوں کو ان کے آبائی وطن سے بے وطن اور جلا وطن کردیا ہے۔انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ وہ مسائل ہیں جنہیں پوری دنیا کے سامنے بیان کرنے کی ضرورت ہے۔
مجید تخت روانچی نے کہا کہ عالمی برادری کو مل کر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانا چاہئے تاکہ ان پر ہونے والے مظالم کی آواز سنی جائے ۔
مجید تخت روانچی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی عوام کی حمایت میں دنیا بھر کے حریت پسندوں اور عالم اسلام کے درمیان عالمی سطح پر ہماہنگی و یکجہتی ، فسلطینی قوم کے اہداف کی تکمیل اور ان کی قسمت کے فیصلے میں اہم کردار کی حامل ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای جمعے کو عالمی یوم قدس کی مناسبت سے امت اسلامیہ سے خطاب کریں گے جو اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کے علاوہ بعض عالمی میڈیا سے بھی نشر کیا جائے گا۔
درایں اثنا ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی و صیہونی سازشی منصوبے سینچری ڈیل کو امریکہ کی عیاریوں کا کھلا ثبوت قرار دیا ہے۔ سنیچری ڈیل کی بنیاد پر بیت المقدس کو صیہونی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا، فلسطینی پناہ گزینوں کو وطن واپسی کے حق سے محروم کر دیا جائے گا اور فلسطینیوں کا مالکانہ حق صرف غرب اردن کی باقی ماندہ زمینوں اور غزہ پٹی پر ہی باقی رہ جائے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ نے یوم قدس کی مناسبت سے جمعرات کو ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ امریکیوں نے صیہونیوں کے ساتھ ایک ایسی چیز کا سودا کیا ہے جو ان کی ہے ہی نہیں ۔ ایران کی وزارت خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ فلسطین ، فلسطینیوں کا ہے اور اس کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق بھی صرف فلسطینیوں کو ہی ہے اور کسی دوسرے کو ان کے گھروں اور زمینوں کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق نہیں ہے۔
ایران میں اسلامی انقلاب کامیاب ہونے کے بعد بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے جمعـۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کا نام دیا جس کے بعد ہر سال دنیا بھر میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس منایا جاتا ہے۔ عالمی یوم قدس کے موقع پر دنیا بھر کے حریت پسند ، فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت اور صیہونی حکومت سے نفرت و بیزاری کا اعلان کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں۔