سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمن کا ظالمانہ محاصرہ ناقابل قبول ہے: جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت ، ظالمانہ محاصرہ اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دور میں ایندھن اور غذائی اشیاء کے حامل جہازوں کو روکے رکھنا ناقابل قبول ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر خارجہ ہشام شرف عبداللہ سے گفتگو کی۔
ایرانی وزیرخارجہ نے اس گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، سیاسی طریقۂ کار کو یمن کے بحران کا واحد حل سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں ہمیشہ یمنی اور بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ تعمیری تعاون کرتا رہا ہے۔
انہوں نے یمن کی ارضی سالمیت، یمنی گروہوں کے درمیان اتحاد اور ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کے لئے یمنی گروہوں کے مابین مذاکرات کو یمن میں امن و استحکام کا راستہ قرار دیا اور کہا کہ یمن تمام یمنی گروہوں کا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران، بعض پابندیوں اور رخنہ اندازیوں کے باوجود یمن کے لئے انسان دوستانہ امداد بھیجنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس گفتگو میں یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر خارجہ نے بھی ایران کی سیاسی حمایتوں اور یمنی عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد کی قدردانی کی اور یمن کی تازہ ترین جنگی و سیاسی صورت حال اور اس ملک کے موجودہ بحران سے انہیں آگاہ کیا۔