ایران کی نان پیٹرولیم منصوعات کی برآمدات میں چوبیس فیصد اضافہ
پچھلے ایک ماہ کے دوران ایران کی نان پیٹرولیم منصوعات کی برآمدات میں چوبیس فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایران کسٹم کے ترجمان سید روح اللہ لطیفی نے بتایا ہے کہ بائیس اگست سے اکیس ستمبر کی مدت کے دوران، ایران کی بیرونی تجارت کا حجم تقریبا گیارہ ملین ٹن رہا ہے جس کی مجموعی مالیت پانچ ارب چھہتر کروڑ ڈالر کے برابر تھی۔
انہوں نے کہا کہ گیارہ ملین کے تجارتی حجم میں آٹھ ملین ٹن سے زیادہ کی اشیا برآمد کی گئیں جن کی مالیت دو ارب انہتر کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔
ایران کسٹم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جولائی اور اگست کی اسی مدت کے مقابلے میں اگست اور ستمبر کے دوران برآمد کی جانے والی اشیا کا حجم چھے فیصد اور مالیت چوبیس فی صد زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ اشیا چین کو برآمد کی گئیں جبکہ عراق، متحدہ عرب امارات، افغانستان اور ترکی بالترتیب دوسرے اور پانچویں نمبر رہے۔