سعودی حکمراں خطے کی طاقت پر بھروسہ کریں: ایران کا مشورہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب سمیت خطے کے تمام ملکوں کے لیے تہران کا دوستی کا ہاتھ بدستور پھیلا ہوا ہے۔
سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا کہنا تھا کہ سعودی حکمرانوں کو صرف اور صرف عالم اسلام اور خطے کی طاقت اور گنجائشوں پر بھروسہ کرنا چاہیے۔
سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے ملک کی مشاورتی کونسل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تہران کے خلاف بعض الزامات عائد کیے تھے اور عالمی برادری سے ایران کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی تھی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے پیر کے روز صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آل سعود حکومت اسلحے کی خریداری کی ہوس، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سے عدم واقفیت اور اپنے عوام کو سرکوب کرکے، حالات اپنے حق میں تبدیل نہیں کر سکتی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یمنی عوام کے قتل عام کے ذریعے امن کا حصول ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکفیریت کے ذریعے اتحاد پیدا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی عالم اسلام کی توجہ فلسطینی کاز کے ساتھ ہونے والی غداری سے ہٹائی جا سکتی ہے۔
سعید خطیب زادے نے واضح کیا کہ تہران، آل سعود کی تمام غلطیوں، منصوبوں اور سازشوں سے پوری طرح آگاہ ہے تاہم وہ سمجھتا ہے کہ پڑوسیوں کی حیثیت سے ایران اور سعودی عرب کے پاس خطے کی ترقی کے لیے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کے سوا کوئی اور راستہ بھی نہیں ہے۔