Dec ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۴ Asia/Tehran
  • شہید سلیمانی کے وارث صیہونیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے: زینب سلیمانی

شہید قاسم سلیمانی کی بیٹی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام یہ جان لیں کہ شہید قاسم سلیمانی کے وارث اسرائیل کے غاصبانہ اقدامات کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے۔

سپاہ قدس کے شہید کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے لبنان کے المیادین ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد اُس فورس کے کمانڈر تھے جو فلسطینی کاز اور اسکے نام یعنی ’قدس‘ کی حامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور فسلطینی عوام شہید قاسم سلیمانی کے لئے بڑی اہمیت کے حامل تھے اور آج ہم اس بات کا مشاہدہ کر رہے ہیں کہ فلسطینی استقامت و مزاحمت کے سبب صیہونیوں پر وحشت طاری ہو چکی ہے۔

سپاہ قدس کے شہید کمانڈر کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ انکے والد نے عراق، شام، فلسطین، لبنان اور حتیٰ ایران میں استقامتی نظریے اور جذبے کو عام کیا اور اسے اپنی حمایت سے سینچ کر مضبوط بنایا۔

زینب سلیمانی کا کہنا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی ہر دلعزیز، ذہین، شجاع  اور نڈر فوجی کمانڈر اور مرد میداں ہونے کے ساتھ ساتھ  نہایت مہربان دل کے حامل تھے اور انکی محبوبیت کا راز انکی یہی مہربانی اور رحم دلی تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای شہید قاسم سلیمانی کے لئے ’رگِ گردن‘  کی حیثیت رکھتے تھے اور شہید سلیمانی خود کو رہبر اور ایرانی عوام کا ایک معمولی سپاہی تصور کرتے تھے۔

زینب سلیمانی نے شہید قاسم کی ایک اور نمایاں خصوصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی عوام اور دیگر ممالک منجملہ لبنان، شام، فلسطین اور یمن کے عوام کے درمیان کسی بھی قسم کے فرق کے قائل نہیں تھے۔

زینب سلیمانی کا کہنا تھا کہ شہید سلیمانی کا حزب اللہِ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کے ساتھ قلبی لگاو تھا اور ان کے مابین برادرانہ تعلقات تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید سلیمانی شام کے صدر بشار اسد کو ایک بہادر اور شجاع شخص سمجھتے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ بشار اسد نے مغربی سامراج کے تمام تر دباؤ اور دھونس و دھمکی کے باوجود اپنے ملک اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور ان کا دفاع کرتے رہے۔

ٹیگس