امریکہ کو سپاہ قدس کا انتباہ
ایران کی سپاہ قدس کے ڈپٹی کمانڈر نے عراق میں امریکہ کی حالیہ فوجی نقل و حرکت کو اشتعال انگیزی سے تعبیر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکیوں نے اگر علاقے کی سلامتی سے کھلواڑ کرنے کی کوشش کی تو اسے پشیمانی ہوگی۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد حجازی نے علاقے میں امریکہ کی فوجی نقل و حرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اس قسم کے اقدامات سے علاقے میں آگ کے شعلے بھڑک سکتے ہیں۔
انہوں نے استقامتی محاذ کے بارے میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی قدس فورس کا موقف بھی وہی ہے جو حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے بیان کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اتوار کے روز استقامتی محاذ کے کمانڈروں کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے اپنے ایک خطاب میں امریکیوں، صیہونیوں اور ان کے اتحادیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب استقامتی محاذ کے کمانڈروں کو قتل کرتے ہو تو یقین کرلو کہ تمہارے اس ناپاک و شرمناک اقدام سے قوموں میں اور زیادہ بیداری پیدا ہوتی ہے اور حق کی طرف ان کا رجحان مزید بڑھتا ہے۔
گزشتہ برس تین جنوری کو امریکی دہشتگردوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم پر ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کو ان کے ساتھیوں کے ہمراہ فضائی حملہ کر کے شہید کر دیا تھا۔ شہید سلیمانی، حکومت عراق کی سرکاری دعوت پر بغداد پہنچے تھے اور وہ حکومت عراق کے مہمان تھے۔
دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف سرحدی علاقوں اور صوبۂ سمنان کے میدانی علاقے میں ایرانی فوج نے ڈرون طیاروں کی ایک بڑی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا ہے۔ یہ فوجی مشقیں دو روز تک جاری رہیں گی۔ مشترکہ فوجی مشقوں کے پہلے مرحلے میں ایران کی تینوں مسلح افواج یعنی بری، بحری اور فضائیہ کے سینکڑوں کی تعداد میں ڈرون طیاروں کو استعمال کیا گیا اور وسیع پیمانے پر کاروائی کر کے ڈرون طاقت و توانائی کا مظاہرہ کیا گیا۔
ان فوجی مشقوں کے دوران مختلف شعبوں منجملہ فوجی و دفاعی قوت، حفاظت، دشمن کی شناخت، مختلف فاصلوں تک ڈرون آپریشنز کی انجام دہی وغیرہ میں بھرپور توانائی کا مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر ملکی ماہرین کے شاہکار شمار ہونے والے مختلف جنگی آلات و وسائل کی پیداوار کی رونمائی بھی کی گئی۔