Mar ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے میں ایران مخالف قرارداد پیش کرنے کا پروگرام منسوخ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں ایران کے خلاف قرارداد لانے کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے -

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ تہران، ویانا، اور آئی اے ای اے کے رکن ملکوں کے دارالحکومتوں اور خاص طور سے تین یورپی ملکوں میں ہونے والی سفارتی کوششوں اوراسی طرح روس و چین کی حمایت سے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں ایران کے خلاف قرارداد پیش کئے جانے کا منصوبہ ختم ہوگیا ہے-

انھوں نے آئی اے ای اے میں جمعرات کے روز کی سرگرمیوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کی رونما ہونے والی تبدیلیوں سے ایران اور آئی اے ای اے کی جانب سے تیار کئے جانے والے سفارت کاری کے راستے کا تحفظ اور ایٹمی معاہدے کے تمام فریق ملکوں کی جانب سے وعدوں پر عمل کئے جانے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا  کہ ایران کو امید ہے کہ ایٹمی معاہدے میں شامل ممالک اس موقع سے فائدہ اٹھا کر اور اپنے بھرپور تعاون کے ذریعے تمام فریقوں کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی ضمانت فراہم کریں گے -

اس سے قبل فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ ایران کے تعاون میں کمی کے معاملے پر آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے آئندہ چند روز میں ایک قرارداد پیش اور اس پر ووٹنگ کرائی جائے گی۔

ایران نے بھی اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یورپی ملکوں کی جانب سے وعدہ خلافی پر سخت خبردار کرتے ہوئے کہا تھا  کہ ایسی کوئی قرارداد اگر منظور کی گئی تو حالات بہت بگڑ جائیں گے۔

ٹیگس