Aug ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • کابل میں ایرانی سفارتخانہ بدستور کام کر رہا ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی اداروں اور تنظیموں سے بے گھر ہونے والے افغان شہریوں کی صورتحال پر توجہ دیئے جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل میں ایرانی سفارت خانہ اور ہرات میں ہمارا کونسلیٹ معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابل میں ایرانی سفارت خانہ اور ہرات میں ہمارا کونسلیٹ کھلا ہوا ہے اور معمول کی سرگرمیاں جاری ہیں۔انہوں نے اس سے پہلے افغانستان میں تشدد پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے، طالبان سے سفارت کاروں اور سفارتی مراکز کی حفاظت پر ٹھوس توجہ دیے جانے پر زور دیا تھا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم افغانستان میں اپنے سفارت کاروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔سعید خطیب زادے نے افغانستان میں تشدد میں اضافے کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افغان شہریوں پر بھی توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی ادارے اس معاملے پر ٹھوس توجہ دیں گے۔انہوں نے ایک بار پھر تہران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ افغانستان کے مسئلےکو مذاکرات اور افہام و تفہیم سے حل کیے جانے کی ضرورت ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادے نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغان مسائل کے حل کی غرض سے بین الافغان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور علاقائی اتفاق رائے کے حصول کے لیے اپنی خدمات فراہم کرنے کے لیے آمادہ ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ، سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ اس سے پہلے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات ہوچکے ہیں اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کوئی رکاوٹ موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہران شروع ہی سے کشیدگی میں کمی کے لیے بات چیت اور تعاون پر زور دیتا آیا ہے۔

سعید خطیب زادے نے ایران اور حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی دھمکیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ نیز بعض مغربی ممالک پچھلے چالیس برسوں سے ایران کے خلاف اجتماعی ایکشن میں ہیں لیکن انہیں اجتماعی شکست کا سامنا ہے۔انہوں نے امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے بعض کمپنیوں اور افراد پر عائد کی جانے والی تازہ پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف بہانوں سے پابندیوں کی پالیسی کو جاری رکھنا در اصل ایران کے بارے میں امریکی حکام کی بے بسی اور لاچارگی کی نشانی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بغداد اجلاس میں ایران کی شرکت کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عراق کے ہمسایہ ملکوں کے اجلاس میں شرکت کے لیے تہران کو بھی دعوت دی گئی ہے البتہ اس بارے میں فیصلے کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

ٹیگس