Sep ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۶ Asia/Tehran
  • صدر ایران سے پاکستانی وزیر اعظم اور ازبک صدر کی ملاقات

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر شوکت میر ضیایف کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں باہمی روابط کے استحکام پر زور دیا ہے۔

تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو صدر ایران سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ ایران کا صدر منتخب ہونے کے بعد سید ابراہیم رئیسی سے پاکستان کے وزیر اعظم کی یہ پہلی ملاقات ہے۔
اس ملاقات میں باہمی روابط کے استحکام اور خطے کے حالات بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے دوشنبہ پہنچے ہیں۔
جمعرات کو دوشنبے میں صدر ایران سے ازبکستان کے صدر نے بھی ملاقات کی۔
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اور ازبکستان کے صدر شوکت میرضیااف کی ملاقات میں بھی افغانستان میں آنے والی تبدیلی سمیت خطے کے مسائل پر گفتگو کی گئی۔ دونوں سربراہوں نے اسی کے ساتھ باہمی روابط میں فروغ کی راہوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ازبکستان کے صدر بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ پہنچے ہیں۔
اجلاس میں شرکت کے لئے چین کے صدر اور تنظیم کے رکن دیگر ملکوں کے رہنما بھی دوشنبے پہنچ چکے ہیں۔ شنگھائی تعاون کی تنظیم کا سربراہی اجلاس جمعے کو دوشنبے میں منعقد ہوگا۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نریند ر مود اس اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔

 

ٹیگس