Sep ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے نے پھر شرارت کی، تہران نے مسترد کیا

اقوام متحدہ کے ویانا ہیڈ کوارٹر میں تعینات ایران کے مستقل مندوب نے ایٹمی تنصیبات تک رسائی کے بارے میں آئی اے ای اے کے سربراہ کی تازہ رپورٹ کو مشترکہ بیانیہ کے منافی اور توقعات سے زیادہ قرار دیا ہے۔

کرج کے تسا کمپلکس میں نگرانی کے کیمرے نصب کرنے کی اجازت نہ دینے کے بارے میں آئی اے ای اے کی سربراہ کی تازہ رپورٹ پر ایران نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے اپنے ٹوئٹ میں واضح کیا ہے کہ رافائل گروسی کی اس رپورٹ میں درج مذکورہ سائٹ کی نگرانی کا معاملہ مشترکہ مفاہمت کا حصہ نہیں ہے۔

ایرانی مندوب کاظم غریب آبادی نے ٹوئیٹ کیا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ایک سال کے عرصے میں ایران کی ایٹمی تنصیبات میں تین تخریبی کارروائیوں کے باوجود، آئی اے ای اے نے اب تک ایسے شرپسندانہ اقدامات کی مذمت نہیں کی ہے اور اس نے اپنے معائنہ کاروں کی جان کی بھی پروا نہیں کی۔

عالمی اداروں اور تنظیموں میں ایران کے مستقل مندوب نے واضح کیا کہ آئی اے ای اے کے نگرانی کے تمام تر آلات و وسائل کی تنصیب کی اجازت، تہران نے قانونی طور پر نہیں بلکہ سیاسی معاملات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دی ہے، لہذا آئی اے ای اے اپنے لیے ایسے کسی بھی قانونی حق کا دعوی نہیں کر سکتی اور نہ ہی اسے ایسا کرنا چاہیے۔

ایرانی مندوب کاظم غریب آبادی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ بارہ ستمبر کو ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر کے درمیان ہو نے والا اتفاق رائے محض تہران کی نیک نیتی کے ثبوت کے طور انجام پایا تھا اور اس میں پہلے سے نشاندھی کیے جانے والے آلات میں نئے میموری کارڈ لگانے کا بات کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تہران اور اس کے بعد ویانا میں ہونے والے مذاکرات کے دوران یہ بات پوری طرح واضح کر دی گئی تھی کہ کرج کے تسا کمپلکس کے بارے میں سیکورٹی اور عدالتی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے لہذا یہ سائٹ ٹیکنیکل سروسز کے آلات کے زمرے میں نہیں آتی، یہی وجہ تھی کہ مشترکہ بیان میں " نشاندھی شدہ آلات" جیسے الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی نے اتوار کی شب اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بیس سے بائیس ستمبر کے دوران کرج کے تسا کمپلکس کے سوا تمام ضروری ایٹمی تنصیبات میں نگرانی کے آلات تبدیل کرنے اور کیمروں کے میموری کارڈ بدلنے کی اجازت دی ہے۔

ٹیگس