Sep ۲۹, ۲۰۲۱ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران و روس کا ایٹمی تعاون کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اتفاق

ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے تہران ماسکو ایٹمی تعاون کو جدید خطوط اور بنیادوں پر استوار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے دورہ روس کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ تہران اور ماسکو نے مذاکرات کے نئے دور میں جدید میکینزم کی تیاری پر اتفاق کیا ہے تاکہ دوطرفہ تعاون کے سمجھوتوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جا سکے۔

محمد اسلامی نے اپنے روسی ہم منصب الیکسی لخا چیف کے ساتھ بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایٹمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں اور پروگراموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے ایران روس مشترکہ ایٹمی منصوبوں کی جانب اشارہ اور خاص طور سے بوشہر کے ایٹمی بجلی گھر کے ترقیاتی منصوبے کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ اس بارے میں تفصیل سے بات چیت کی ہے۔ محمد اسلامی نے کہا کہ فریقین نے ایٹمی بجلی گھر کے منصوبے کی تکمیل میں حائل روکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی اور روسی ادارے روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لیخا چیف نے منگل کی شام ماسکو میں ایک دوسرے سے ملاقات اور ایٹمی شعبے میں پرامن تعاون کو فروغ دینے کی راہوں کا جائزہ لیا تھا۔

ایرانی اور روسی عہدیدار کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں ماسکو میں متعین ایران کے سفیر کاظم جلالی بھی شریک تھے۔ فریقین نے یہ بات زور دے کہی کہ ایران روس تعلقات اسٹریٹیجک ہیں اور دونوں ممالک مختلف معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں اور اس بات پر متفق ہیں کہ پرامن ایٹمی شعبے میں باہمی تعاون کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔

ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا کہ پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے میدان میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون جاری رہے گا جبکہ ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کے منصوبوں میں بھی تہران اور ماسکو کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور روس باہمی تعاون کو مزید تقویت دیں گے اور اس میں تیزی لائیں گے۔

روس ایٹم کمپنی کے سربراہ الیکسی لخاچیف نے بھی اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان پرامن ایٹمی شعبے میں تعاون کے فروغ کا خیر مقدم کیا۔

ٹیگس