Oct ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • فاتحان خیبر فوجی مشقیں علاقے کی اسٹریٹیجی تبدیل کر سکتی ہیں: ایرانی کمانڈر

اسلامی جمہوریہ ایران کے شمال مغربی علاقوں میں جاری فوجی مشقوں میں شریک ریپڈ ایکشن فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ فاتحان خیبر فوجی مشقیں علاقے کی اسٹریٹیجی تبدیل کر دیں گی۔

فاتحان خیبر فوجی مشقوں میں شامل ریپڈ ایکشن فورس کے کمانڈر  علی دلاور نے کہا کہ اس اسپیشل فورس کی پچاسویں بریگیڈ نے پہلے سے طے شدہ تمام اہداف کو تمام تر دقت نظر کے ساتھ تباہ کر دیا اور ایک نہایت اہم مشن کو کوئی غلطی کئے بغیر کامیابی سے انجام تک پہنچایا۔

انھوں نے کہا کہ ان عظیم فوجی مشقوں میں اسکورٹ اور مشقوں کے لئے فوجی ساز و سامان اور ہتھیار فراہم کرنا بھی اسپیشل فورس کے پچیسویں بریگیڈ کے جوانوں کے ذمے تھا جسے انھوں نے پورے حوصلے اور ذمہ داری کے ساتھ بخوبی انجام دیا۔

 کرنل علی دلاور نے زور دے کر کہا کہ فاتحان خیبر فوجی مشقیں علاقے میں مسلح افواج کا ایک اہم ترین مشن تھا جو ایران کے پڑوسیوں اور دوستوں کے لئے امن و دوستی کے پیغام کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشقیں مادر وطن کے جوانوں کی صلاحیتوں کی ادنیٰ سی مثال ضرور ہیں تاہم یہ مشقیں علاقے کی موجودہ اسٹریٹیجی کی تبدیلی میں یقینی طور پر مؤثر ثابت ہوں گی۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کی فاتحان خیبر فوجی مشقیں جمعے سے ملک کے شمال مغربی علاقے میں شروع ہوئی ہیں۔ ان مشقوں میں بری فوج  کے  بکتر بند  بریگیڈ، انفینٹری بریگیڈ، توپ خانے، ڈرون، الیکٹرانک وار فیئر یونٹ اور انجینیئرنگ کور کے جوان شریک ہیں، جنھیں فضائیہ کے ہیلی کاپٹر بھی لازمی سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔

ٹیگس