Oct ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۷:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران کے بارے میں امریکی دعووں کو روس کا منطقی جواب

ویانا میں بین الاقوامی اداروں و تنظیموں میں روس کے مندوب نے ایران کے بارے میں امریکی دعووں کا دندان شکن جواب دیا ہے۔ امریکہ کا دعوا ہے کہ ویانا مذاکرات شروع کرنے میں ایران ٹال مٹول کر رہا ہے۔

روسی نمائندے میخائیل اولیانوف نے امریکہ کے اس دعوے کے جواب میں کہا کہ امریکہ نے ان مذاکرات کے لئے تیار ہونے میں دو مہینے لگا دیئے لیکن اب تک اس نے جوہری معاہدے میں لوٹنے کے لئے ضروری اقدام نہیں کیا۔  

حالیہ ہفتوں میں بائیڈن حکومت کے عہدیدار جوہری معاہدے سے امریکہ کے غیر قانونی اور  یکطرفہ طور پر نکلنے کا ذکر کئے بنا دعوی کر رہے ہیں کہ ایران کی نئی حکومت وقت برباد کر رہی اور اس میں ویانا مذاکرات کی میز پر لوٹنے دلچسپی نہیں رہ گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے جمعہ کو ایک بار پھر ویانا مذاکرات میں ایران کے لوٹنے کے ارادہ کے حوالے سے صاف لفظوں میں کہا تھا ایران اس وقت مذاکرات کی میز پر لوٹے گا جب مغربی ممالک اپنی نیت نیتی کا مظاہرہ کریں اور جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا کریں گے۔

ویانا شہر میں اب تک ایران اور جوہری معاہدے کے باقی فریقوں نیز امریکہ کے ساتھ بالواسطہ طور پر 6 دور کے مذاکرات ہو چکے ہیں، جسکا مقصد اس معاہدے میں امریکہ کی دوبارہ واپسی ہے۔

ٹیگس