ایران اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہوں کی ملاقات، اہم دفاعی و علاقائی مسائل پر ہوا تبادلۂ خیال
ایران اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہوں نے اسلام آباد میں ایک دوسرے ملاقات کی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے بدھ کے روز پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے جنرل محمد باقری کے باضابطہ استقبال کے بعد دونوں ملکوں کے اعلی سطحی فوجی وفود کے درمیان مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
ایران اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعاون، دفاعی تعلقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال اور خاص طور سے افغانستان کی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے ایران اور پاکستان کے درمیان فوجی، سیکورٹی اور سرحدی تعاون کی موجودہ سطح کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ان معاملات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، ایک اعلی سطحی فوجی وفد کے ہمراہ منگل کی شب اسلام آباد پہنچے جہاں پاکستانی فوج کے اعلی افسران نے ایئر پورٹ پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا تھا۔
اس موقع پر پاکستان میں متعین ایرانی سفیر اور ایران کے ملٹری اتاشی بھی موجود تھے۔