علاقے میں امریکہ کے زوال و ناتوانی کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے: میجر جنرل باقری
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے تاکید کی ہے کہ ماضی کے سخت دور کے بعد آج علاقے میں مجرم امریکہ کے زوال و اس کے کمزور و ناتواں ہونے کا بخوبی مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔
جنرل محمد باقری نے منگل کے روز مسلح افواج کے بارہویں مالک اشتر فیسٹول سے خطاب میں کہا ہے کہ ماضی کے سخت دور کے بعد آج علاقے میں مجرم امریکہ کے زوال اور اس کے کمزور و ناتواں ہونے کا مکمل مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے افغانستان سے امریکہ کے فرار، عراق اور شام کے بعض علاقوں سے انخلا کے آغاز اور اسی طرح خلیج فارس کے علاقے سے جدید ترین امریکی ہتھیاروں اور دفاعی سسٹم نیز دیگر جنگی سازوسامان کی منتقلی اور بحریہ کے جوانوں کی تعداد میں کمی اور ان کی جنوبی چین کے علاقوں میں منتقلی کو دنیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہونے اور امریکی طاقت کا بھرم ٹوٹنے کی علامت قرار دیا۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ امریکیوں اور غاصب صیہونیوں نے ثابت کر دیا کہ براہ راست فوجی اقدام اگرچہ ان کے لئے کتنا سخت ہو چکا ہے تاہم وہ ایران کے مقدس اسلامی جمہوری نظام کے خلاف سازشوں اور دشمنی سے باز نہیں آ رہے ہیں اور مختلف طریقوں سے ایران اور اس کے ہم نوا علاقائی ملکوں کے لئے مسلسل خطرات کا باعث بن رہیں گے۔
انھوں نے ایران کی مسلح افواج کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی فوجی و دفاعی آمادگی اور توانائی میں مسلسل اضافہ ایک ایسا عمل ہے کہ جس کی ضرورت کے بارے میں ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای فوج، سپاہ اور عوامی رضاکار فورس بسیج کی آمادگی کی ضرورت کی ہمیشہ تاکید فرماتے ہیں۔