Nov ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۳ Asia/Tehran
  • دنیا میں 40 سے زائد جنگوں کا براہ راست ذمہ دار امریکہ ہے: جنرل سلامی

دنیا کے چالیس ملکوں اور علاقوں میں چالیس سے زائد جنگوں کا براہ راست ذمہ دار امریکہ ہے، یہ بات ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہی۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے جمعرات کے روز ایران میں عالمی سامراج  کے خلاف  جدوجہد کے قومی دن کی مناسبت سے تہران میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کیا۔

اس موقع پر انہوں نے دنیا میں امریکہ کی مہم جوئی اور جنگ پسندی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ امریکہ نے یورپ، افریقہ، جنوبی امریکہ، مشرق بعید، مغربی ایشیا اور روس سمیت مختلف علاقوں میں مختلف جنگیں مسلط کیں اور وحشیانہ جارحیت کا ارتکاب کیا جس کے نتیجے میں اسّی لاکھ سے زائد افراد مارے گئے کہ جن کی موت کا ذمہ دار خود امریکہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ نے دنیا کے مختلف ملکوں کے اندرونی معاملات میں دو سو سے زائد بار مداخلت کی بلکہ بغاوت کی حد تک مداخلت کی، اقتصادی بائیکاٹ کیا، لشکر کشی کی اور فتنہ و اختلافات پیدا کئے اور یہ سب امریکہ کی سیاسی حیات میں درج  سیاہ کارنامے ہیں۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ امریکہ ہر چیز کو طاقت کے ذریعے حل کرنے یا حاصل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے دنیا میں سات سو پچاس فوجی اڈے قائم کر کے ساری دنیا پر اپنا تسلط جمانے کی بھرپور کوشش کی۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے چار نومبر انیس سو اناسی کو دنیا میں سب سے بڑی سیاسی، اقتصادی و فوجی طا‍قت ہونے کے باوجود امریکہ کے خلاف ایرانی عوام کی استقامت و جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب ایران کا اسلامی انقلاب اپنے نوخیز دور سے گذر رہا تھا ایرانی عوام نے عالمی سامراج کے مقابلے میں ایک بڑا معرکہ سر کیا -

ٹیگس