پابندیوں کے مکمل خاتمے پر مبنی ایران کا مطالبہ حق بجانب ہے: روس
روس نے پابندیوں کے خاتمے کے ایران کے مطالبے کو حق بجانب قرار دیا ہے۔
ویانا میں بین الاقوامی اداروں میں روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانوف نے کہا کہ سب سے پہلے پابندیوں کا خاتمہ،اسلامی جمہوریہ ایران کا حق بجانب مطالبہ ہے۔
انہوں نے جمعے کے روز ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر حسین عبد اللھیان کے بیان پر ردعمل کے طور پر سنیچر کے روز اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ویانا مذاکرات میں ایران کا مطالبہ پابندیوں کا خاتمہ ہے اور روس کا بھی یہی موقف ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے جمعے کے روز کہا تھا کہ جوہری معاہدے کو پٹری پر لانے کے لئے پابندیوں کا خاتمہ اور عملی طور پر اس کا ثابت ہونا نیز معاہدے کے فریقوں کا اپنے وعدوں پر عمل ضروری ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی کہا ہے کہ ان کا ملک ایران اور گروپ چار جمع ایک کے درمیان ویانا میں پابندیوں کو ہٹانے کے لئے ہونے والے آئندہ مذاکرات میں جوہری معاہدے پر مکمل عملدرآمد اور ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرے گا۔
ایران اور گروپ چار جمع ایک کے مابین آئندہ مذاکرات 29 نومبر کو ویانا میں ہوں گے۔ جوہری معاہدے میں امریکہ کی واپسی کا راستہ ہموار کرنے کے لئے باقی فریقوں کے مابین اب تک چھے دور کے مذاکرات انجام پا چکے ہیں۔
ان مذاکرات میں اب تک مفاہمت نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ کی موجودہ حکومت سابق ٹرمپ حکومت کے دور میں جوہری معاہدے سے اسکے نکلنے کے بعد ایران کے خلاف عائد کی گئیں پابندیوں میں کچھ کو باقی رکھنے پر مُصر ہے۔ اسکے علاوہ بایڈن حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ بعد کی امریکی حکومتوں کے اس معاہدے سے دوبارہ باہر نہ نکلنے کی ضمانت نہیں دے سکتی۔
اسلامی جمہوریہ ایران بارہا یہ بات کہہ چکا ہے کہ امریکہ نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اس لئے واشنگٹن کو چاہیئے کہ وہ پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ اس معاہدے میں لوٹے اور امریکہ کے وعدوں کی سچائی کا پرکھا جانا ضروری ہے۔