Nov ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • جنوبی ایران کے بحری حدود میں غیرملکی آئل ٹینکر کو پکڑ لیا گیا

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے جوانوں نے جنوبی ایران کے ضلع پارسیان کی سمندری حدود میں ایندھن اسمگل کرنے والے ایک غیرملکی آئل ٹینکر کو اپنی حراست میں لے لیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی بحریہ کے ذوالفقار چارسو بارہ فلوٹیلا کے کمانڈر ایڈمیرل احمد حاجیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فلوٹیلا کے میرینس نے انٹیلیجنس کی مدد سے ایک منظم آپریشن انجام دے کر ایرانی بحری حدود میں ایک غیرملکی آئل ٹینکر اور اس کے عملے کے گیارہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ایڈمیرل حاجیان کا کہنا ہے کہ بحریہ کے جوانوں نے اس آئل ٹینکر کو روک کر اس کی تلاشی لی جس میں ایک لاکھ پچاس ہزار لیٹر سے زیادہ ڈیزل اسمگل ہو رہا تھا اورعملے کے تمام گیارہ افراد کو قانونی مراحل طے کرنے کے لئے ضلع پارسیان کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا گیا۔

ضلع پارسیان کی ذوالفقار چارسوبارہ فلوٹیلا کے کمانڈر نے کہا کہ وہ اقتصادی ترقی میں مدد کے لئے بحری راستے سے ایندھن کی کسی بھی طرح کی اسمگلنگ کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

ٹیگس