Oct ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۲:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کرناٹک میں بڑا سڑک حادثہ، 4 عورتوں سمیت 13 افراد کی موت

ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں آج صبح ایک بڑے سڑک حادثے میں 13 افراد کی موت ہوگئی، مرنے والوں میں 4 عورتیں بھی شامل ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ جنوبی ریاست کرناٹک کے چکبالا پور علاقے میں آج جمعرات کو تقریباً صبح 7 بجے ایک دردناک سڑک حادثہ ہوا ہے جس میں 4 عورتوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت ہوا جب ایک ایس یو وی (SUV) کار نے نیشنل ہائی وے نمبر 44 پر کھڑے ایک ٹینکر کو ٹکر ماردی۔ اس حادثے میں 13 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں کو فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ہسپتال میں سب زخمی افراد کی موت ہوگئی۔ 13 افراد میں 4 عورتیں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق علاقے میں صبح کے وقت شدید کہرا تھا جس کی وجہ سے کار کا ڈرائیور سڑک پر کھڑے ٹینکر کو نہیں دیکھ سکا اور اس نے ٹینکر میں ٹکر ماردی۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں کار کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔

علاقے کے پولیس انسپکٹر ڈی ایک ناگیش نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ برقرار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے نیز اس سلسلے میں تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔

ٹیگس