Nov ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران کی پارلیمنٹ نے فلسطین مخالف برطانوی اقدام کی مذمت کی

انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں ایران کی پارلیمنٹ میں قائم فلسطین کانفرنس کے سکریٹریٹ نے فلسطینی تنظیم حماس کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کئے جانے کے برطانوی حکومت کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

مجلس شورائے اسلامی میں فلسطین کانفرنس کے سیکریٹریٹ نے ایک بیان میں فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کئے جانے کے برطانوی حکومت کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بزدلانہ اقدام بلا شبہ فلسطینی زمینوں پر غاصبانہ قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو آوارہ وطن اور ان بے گناہوں منجملہ فلسطینی عورتوں اور بچوں کے قتل عام کی زمین ہموار کرنے والے بالفور بیان کے تحت خیانت و بد دیانتی کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش ہے۔
اس بیان کے مطابق مظلوم فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونیوں کے وحشیانہ جرائم اور غزہ کے پندرہ سالہ محاصرے کے نتیجے میں فلسطینیوں کی ابتدائی ترین انسانی حقوق سے محرومی پر برطانیہ کی چشم پوشی اس بات کی ترجمان ہے کہ یورپی ممالک انسانی حقوق کے مسئلے کو ایک سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور علاقے میں اس سلسلے میں ان کی دوغلی پالیسیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
مجلس شورائے اسلامی میں فلسطین کے حوالے سے دائمی سیکریٹریٹ نے اپنے بیان میں دنیا کے تمام ملکوں اور خاص طور سے اسلامی ملکوں کی پارلیمانوں اور اسی طرح انسانی حقوق کے اداروں اور تنظمیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی معیار و حقوق کے منافی حکومت برطانیہ کے اس سیاسی اقدام اور لندن، واشنگٹن اور تل ابیب کے ظالمانہ اور جاربرانہ اقدامات کے مقابلے میں فلسطین کے مظلوم عوام کی بھرپور مدد و حمایت کریں۔

ٹیگس