Nov ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • تہران ملٹری کشتی کے عالمی مقابلوں کا میزبان

تہران کے آزادی اسٹیڈیم کے بارہ ہزار افراد کی گنجائش والے ہال میں گوریکو رومن اور فری اسٹائل ملٹری کشتی کے پینتیسویں عالمی مقابلے اتوار کے روز سے شروع ہو رہے ہیں۔

ملٹری کشتی کے ان مقابلوں کی منتظم کمیٹی کے سربراہ جنرل محمد شرفی نے کہا ہے کہ تہران کے آزادی اسپورٹس کامپلیکس کے بارہ ہزار افراد کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں سی ازم سے موسوم گریکو رومن اور فری اسٹائل ملٹری کشتی کے عالمی مقابلے، ایک ایسا اقدام ہے جو ہر سال عمل میں لایا جاتا ہے اور اس کا مقصد صلح و دوستی کا پیغام ہے۔

انھوں نے کہا کہ دین اسلام، دنیا میں امن کا منادی ہے اور ایران عالمی امن کا خواہاں ملک ہے اور دوسروں سے انس و محبت کا اظہار کرنا ہماری قدیم روایات میں شامل رہی ہے۔ سی ازم میں برازیل کے نمائندے لوئیز فر نینڈو نے ملٹری کے ان بین الاقوامی مقابلوں کے لئے ایران کی میزبانی کی قدردانی کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ عالمی مقابلے ہمیشہ کی طرح بہترین شکل میں انجام پائیں گے۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیس ملکوں منجملہ الجزائر، آرمینیا، برازیل، بنگلہ دیش، کولمبیا، یونان، گینی، عراق، لیتھوانیا، ہالینڈ، پاکستان، پولینڈ، روس، سری لنکا، شام، اسلواکیہ، تیونس اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مجموعی طور پر تین سو ملٹری پہلوانوں کی شرکت سے کشتی کے یہ مقابلے کل اتوار سے تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں شروع ہو رہے ہیں اور پچیس نومبر تک جاری رہیں گے۔

ٹیگس