Dec ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کے ظالمانہ اور پرتشدد اقدامات نے ترقی کی امنگوں کا گلا گھونٹ دیا ہے

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے خودسرانہ پابندیوں سمیت امریکہ کے پرتشدد اور ظالمانہ اقدامات کے مقابلے میں موثر اقدامات کے فقدان کو پائیدار ترقی کے حصول میں ناکامی کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے گروپ ستتر کے وزرائے خارجہ کے پینتالیسویں سالانہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یہ گروپ، اقوام متحدہ میں سرکاری اداروں کے درمیان ایک بڑے بلاک کی حیثیت سے تمام ترقی پذیر ملکوں کو اس بات کا موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں تمام بین الاقوامی اقتصادی مسائل میں مذاکرات کے عمل کی توانائی کو فروغ دے کر اپنے اجتماعی مفادات کو آگے بڑھائیں۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت درپیش تمام مسائل و مشکلات کے باوجود اس گروہ کے تشکیل کے چھے عشرے پورے ہونے کے بعد گروپ ستتر اس عرصے کے دوران عملی طور پر اس بات کو ثابت کرنے میں کامیاب رہا ہے کہ دنیا کے تمام مسائل و مشکلات کو حل کرنے اور مشترکہ اقدار کی پاسداری کا واحد طریقہ بین الاقوامی تعاون ہے۔

مجید تخت روانچی نے کہا کہ اگرچہ آج کی مشکلات اور گروپ ستتر کی تشکیل کے وقت کی مشکلات کی نوعیت میں فرق ہے تاہم ان کی ماہیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور ان تمام مسائل و مشکلات کو اجتماعی تعاون اور کثیر الجہت رجحان کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ پوری دنیا کے لئے ایک خطرے کی گھنٹی تھا تاکہ اس بات کی یاد آوری ہو سکے کہ انسانوں کی ترقی ایک دوسرے سے جڑی  ہوئی ہے۔ 

مجید تخت روانچی نے کہا کہ ایسی حالات میں کہ جب دنیا کے تمام ممالک اس وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے امریکہ خودسرانہ پابندیوں سمیت اپنے غیر قانونی پرتشدد اور ظالمانہ اقدامات کے ذریعے بعض ممالک کو خود کورونا سے زیادہ نقصانات پہنچا رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کہا کہ ایک طرف امریکہ کے اس قسم کے غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات اور دوسری جانب اس کے ان اقدامات کے مقابلے میں عالمی برادری کی طرف سے موثر اقدامات کا فقدان،   پائیدار ترقی کا خواب پورا نہ ہونے کا باعث بنا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ انسانوں کو درپیش تمام مسائل و مشکلات منجملہ کورونا کی وبا اور آمرانہ منمانی کو  شکست نہیں دی جا سکتی الا یہ کہ متحدہ طور پر سب کی طرف سے ایک ہی جواب دیا جائے اور کثیر الجہت رجحان کے تحت تمام ممالک کی کوششیں بھی بین الاقوامی تعاون کے جذبے کے ساتھ بروئے کار لائی جائیں اور گروپ ستتر اسی مقصد کے لئے قائم ہوا ہے۔

ٹیگس