Dec ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • ویانا میں ایران کے سینئر مذاکرات کار سے تین یورپی ممالک کے نمائندوں کی ملاقات

ایٹمی سمجھوتے کے تین یورپی اراکین اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے نائب سربراہ نے ویانا میں صلاح و مشورے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسلامی جمہوریہ کے سینئر مذاکرات کار علی باقری سے ملاقات کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی سمجھوتے کے رکن تین یورپی ممالک اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے نائب سربراہ نے جمعرات کو ایران کے سینئر مذاکرات کار علی باقری سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔ یہ ملاقات ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد پھر سے شروع کرنے کے مقصد سے اتفاق رائے کے حصول کے لئے ایٹمی مسائل اور ظالمانہ پابندیوں کی منسوخی کے دو موضوعات کے تحت ایران کی جانب سے مجوزہ متن پیش کرنے کے بعد انجام پائی ہے۔

علی باقری کا کہنا ہے کہ فریق مقابل کو ایران کی پیش کردہ دستاویزات کا جائزہ اور پیش کردہ متن کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کے لئے لازمی آمادگی پیدا کرنا چاہئے۔ علی باقری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کسی طرح کے دباؤ کی صورت میں یورینیم کی افزودگی کے بارے میں سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ اس وقت ایٹمی سمجھوتے پر مکمل عمل درآمد اور ایران پر پابندیوں کی منسوخی کا تعلق امریکی صدر جوبائیڈن سے ہے کیونکہ واشنگٹن ہی وہ پہلا فریق تھا جو دو ہزار اٹھارہ میں یکطرفہ طور پر ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکلا۔

علی باقری نے پابندیوں کے خاتمے کے لئے ہو رہے ویانا مذاکرات کے سلسلے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مذاکرات کے سلسلے میں پوری طرح سنجیدہ ہے اور ویانا میں ایرانی وفد کی موجودگی سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران مذاکرات کے سلسلے میں پوری طرح سنجیدہ اور پرعزم ہے۔

ٹیگس