پابندیوں کا خاتمہ یکبارگی ہوگا تدریجی نہیں، ایران کا دوٹوک اعلان
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر مذاکرات کار علی باقری کنی نے جامع ایٹمی معاہدے کے فریق ممالک کو دوٹوک لفظوں میں کہا ہے کہ ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ تدریجی نہیں بلکہ دفعی اور یکبارگی ہوگا۔
فارس نیوز کے مطابق علی باقری نے جمعرات کے روز جاپان کی نیوز ایجنسی کیودو کو انٹرویو دیتے ہوئے واشگاف لفظوں میں کہا یہ پابندیوں کا خاتمہ قدم بقدم اور تدریجی نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کہی کہ ایران کے خلاف عائد پابندیاں تدریجی طور پر ہٹیں گی یا دفعی اور یکبارگی؟
انہوں نے پابندیوں کے خاتمے کی تصدیق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے تین دستاویزات تیار کی ہیں جن میں سے ابھی تیسری دستاویز مقابل فریقوں کو پیش نہیں کی گئی ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ویانا مذاکرات کے لئے ایران کی تیار کی گئی تیسری دستاویز جامع ایٹمی معاہدے کے بارے میں ہے جس میں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کی تصدیق کے سلسلے میں کچھ تجاویز پیش کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کا مذاکراتی وفد بدھ کے روز غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی مسائل کے سلسلے میں اپنی تجاویز پر مبنی دو دستاویزات فریق مقابل کو دے چکا ہے جس پر ابھی گفتگو کا سلسلہ جاری ہے۔
ویانا میں محو مذاکرات ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مذکورہ دو دستاویزات کو مذاکرات میں ایران کی مکمل سنجیدگی کا مظہر قرار دیا ہے۔