Dec ۱۰, ۲۰۲۱ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • باتیں بہت کر چکے، اب کچھ کام کیجیئے، ایران کا مغربی ممالک کو مشورہ

باتیں بہت ہو چکی ہیں، اب کام کا وقت ہے، یہ بات ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے جامع ایٹمی معاہدے جے سی پی او اے کے مغربی فریقوں سے کہی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے انسٹاگرام پیج پر ویانا میں جاری مذاکرات کے مقصد کو ایک اچھی مفاہمت و معاہدے کے حصول سے تعبیر کیا اور کہا کہ مغربی ممالک کو اب یہ سمجھ لینا چاہئے کہ وہ گزشتہ آٹھ برسوں میں باتیں کافی کر چکے ہیں کہ اور اب کچھ کرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور ہم سنجیدہ اور اچھی مفاہمت کے حصول کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔

امیر عبد اللہیان نے مزید کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر پرامن ہے مگر جہاں تک بات ایٹمی مسائل پر مغربی ممالک کو لاحق تشویش کو دور کرنے کی ہے، اُس کا سیدھا تعلق ایران پر عائد تمام پابندیوں کے خاتمے سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم اس بات سے مطمئن نہیں ہیں کہ معاہدے کے مغربی فریق ایران پر عائد تمام پابندیوں کے خاتمے پر تیار ہوں گے یا یہ کہ یکطرفہ طور پر خود کو لاحق تشویش کو دور کرنے کے درپے رہیں گے، لیکن اگر وہ مذاکرات میں نیک نیتی اور تعمیری و تخلیقی تجاویز کے ساتھ مذاکرات کی میز پر حاضر ہوں تو ہم یقیناً مذاکرات میں تیز رفتار پیشرفت کا مشاہدہ کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ ایران میں سید ابراہیم رئیسی کی حکومت میں جامع ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے مذاکرات کا نیا دور گزشتہ انتیس نومبر سے شروع ہوا ہے جس میں ایران کا وفد پابندیوں کے مکمل خاتمے کے بنیادی مقصد کے ساتھ مذاکرات کی میز پر حاضر ہوا ہے اور اُس نے دو موضوعات ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی مسائل کے سلسلے میں اپنی تجاویز معاہدے کے فریقوں کو پیش کی ہیں۔

ٹیگس