ایران کے خلاف پابندیاں ختم کئے جانے کی ضرورت پر اقوام متحدہ کی تاکید
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس پر عمل کے طریقے پر جاری مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایران کے خلاف امریکی پابندیاں ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے گذشتہ ہفتے سلامتی کونسل میں قرارداد بائیس اکتیس پر عمل درآمد کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی ہے تاکہ سلامتی کونسل کے چوبیس دسمبر کے اجلاس میں اس رپورٹ کا جائزہ لیا جا سکے۔
اپنی اس رپورٹ میں گوترش نے حالیہ برسوں کے دوران ایٹمی معاہدے کے بارے میں جاری رہنے والی دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے اس معاہدے کو ایران کے ایٹمی مسئلے کا بہترین حل قرار دیا اور ایران کے خلاف امریکی پابندیاں ختم اور ایٹمی معاہدے کے تحت تہران کی جانب سے فائدہ اٹھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے ایٹمی معاہدے کو برسوں پر محیط کثیر فریقی کوششوں اور مذاکرات کا نتیجہ قرار دیا اور اس معاہدے میں امریکہ کی شمولیت اور ایران کے خلاف پابندیوں کو ختم کئے جانے کے طریقہ کار کے بارے میں ویانا میں جاری مذاکرات کا خیر مقدم کیا۔