Dec ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  •  اسلام آباد  تہران استنبول مال بردار ٹرین کا افتتاح

پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے اسلام آباد سے تہران اور استنبول کے لیے مال بردار ٹرین کا افتتاح کردیا۔

اسلام آباد میں مال بردار ٹرین کی افتتاحی تقریب سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے اعظم سواتی اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے خطاب کیا۔

اعظم سواتی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے لیے تہران استنبول مال بردار ٹرین ایک اعزاز کی بات ہے، جس کے چلنے سے کاروبار بڑھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد تہران استنبول مال بردار ٹرین کا آغاز بڑا کارنامہ ہے، مال بردار ٹرین سے بزنس ٹو بزنس تعلقات بڑھے گا، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ تجارت کرنے کے لیے تیار ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ ہم دوسرے مرحلے میں مسافر ٹرین سروس شروع کریں گے، جب ٹریک کو اپ گریڈ کریں گے تو فاصلہ آدھا رہ جائے گا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹرین سروس کو تجارت کے لیے سستا روٹ قرار دیا اور کہا کہ کارگو ٹرین اسلام آباد سے ہوتی ہوئی استنبول اور تہران تک جائے گی یہ خواب کا آغاز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک جگہ سے دوسری جگہ سامان کی منتقلی کا آسان راستہ ٹرین ہی ہے۔

مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ریجنل کنکٹویٹی لازمی ہے، مقصد تجارت کو بڑھانا ہے ۔

ٹیگس