علاقے میں شہید سلیمانی کا دبدبہ اور اثر پہلے سے بھی زیادہ ہے: ایرانی کمانڈروں کا بیان
سردار محاذ استقامت جنرل شہید قاسم سلیمانی کی دوسری برسی کے موقع پر ایران کی مسلح افواج کے اعلی کمانڈروں کی جانب سے انہیں جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئرواسپیس شعبے کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حاجی زادہ نے کہا ہے کہ ایران اور علاقے نیز پوری دنیا میں اس وقت سردار شہید جنرل قاسم سلیمانی کا دبدبہ اور اثر ماضی سے کہیں زیادہ دیکھا جا رہا ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئرواسپیس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حاجی زادہ نے "جہاد و شہادت اور یاران حاج قاسم سلیمانی" کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کو دو برس پورے ہو رہے ہیں اور امریکیوں نے اس مجرمانہ قتل کے مختلف خفیہ و آشکارا پہلو نمایاں کر دیے ہیں اور ان امریکیوں نے اعلان کیا ہے کہ اس قتل کی بدولت وہ اپنے کچھ اور اہداف کے درپے رہے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئرواسپیس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ اس جارحیت اور دہشت گردی میں امریکیوں اور ان کی اعانت کرنے والوں نے جس جرم کا ارتکاب کیا اس کے تحت ان کا مقصد صرف کسی ایک شخصیت کو میدان سے ہٹانا نہیں تھا بلکہ ان کا مقصد ایران کے اسلامی جمہوری نظام کو کاری ضرب پہنچانا تھا اور وہ ان مسائل سے کہیں بڑھ کراپنا مقصد بنائے ہوئے تھے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئرواسپیس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ اس مجرمانہ اقدام کے لئے امریکیوں کو جو اطلاع دی گئی تھی وہ یہ تھی کہ ایران اس جارحیت کا کوئی جواب نہیں دے گا۔
بریگیڈیئر جنرل حاجی زادہ کے بقول تسلط پسندانہ نظام نے اپنے اس جارحانہ اقدام کے ذریعے زیادہ سے زیادہ دباؤ کے مقابلے میں عوام کی استقامت کو ختم کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ اپنے کئے کا نتیجہ حاصل کرسکے۔ انھوں نے کہا کہ خبیث ٹرمپ نے سات ٹریلین ڈالر خرچ کئے مگر اسے کوئی نتیجہ نہیں ملا اس لئے کہ امریکیوں کی ہر شکست کی وجہ جنرل قاسم سلیمانی تھے۔
ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر عزیز نصیر زادہ نے بھی کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قابل قدر اقدامات کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکے گی اور یہ کہ جنرل قاسم سلیمانی پورے عالم اسلام کے لئے قابل فخر شخصیت ہیں۔انھوں نے دفاع پریس سے گفتگو میں سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شخصیت کچھ ایسی صفات کی حامل تھی کہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ نہ صرف ایران بلکہ دنیا کی تمام حریت پسند اقوام کے قابل فخر ہیرو تھے اور ان کی خدمات دنیائے اسلام اور تحریک استقامت کے گروہوں میں اتحاد و یکجہتی کا باعث بنیں اور استقامتی محاذ عالمی استکبار اور صیہونزم کے مقابلے میں اور زیادہ مضبوط و مستحکم ہوا -