ایران بھر میں سرداران محاذ استقامت کی دوسری برسی کی تقریبات جاری
دارالحکومت تہران سمیت ایران کے سبھی شہروں اور قریوں میں سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس کی دوسری برسی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابومہدی المہندس کی شہادت کی برسی پیر کو ہے لیکن اس مناسبت سے ایران اور دنیا بھر میں شہدائے استقامت کی یاد میں سیمیناروں، کانفرنسوں اور نشستوں کا سلسلہ کئی پہلے ہی شروع ہوگیا تھا۔ دارالحکومت تہران کی سبھی شاہراہیں، چوراہے، سڑکیں اور گلیاں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس کی تصاویر سے مزین ہیں۔ اتوار کو اسی سلسلے میں دارالحکومت تہران میں مختلف نشستیں اور کانفرنسیں منعقد ہوئیں ۔
وزارت خارجہ کے سینٹر فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹیڈیز میں منعقدہ پروگرام سے خطاب میں سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی، جنگی حکمت عملی کے ساتھ ہی سفارتکاری میں بھی مہارت رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کو جنگ اور سفارت کاری کے درمیان توازن برقرار کرنے میں بڑی مہارت حاصل تھی۔
اسی مناسبت سے صوبہ مغربی آذربائیجان کے شہر ارومیہ میں ایک پروگرام سے خطاب میں سپاہ پاسداران کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رمضان شریف نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے علاقے میں داعش اور امریکہ کے اتحادیوں کی شکست سے پہلے انہیں شکست دینے کا اعلان کردیا تھا جو ان کی مہارت کا ثبوت ہے۔