مغربی فریق ہماری ریڈ لائن تسلیم کر لے تو حتمی معاہدے کا اعلان ہو جائے گا: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ویانا میں وزرائے خارجہ کی موجودگی اور حتمی سمجھوتے کے اعلان کا انحصار، موثر اقتصادی ضمانت دینے سمیت اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلان کردہ ریڈلائن کی پابندی کرنے پر ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے جمعہ کو ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کو ٹیلی فون کرکے ویانا مذاکرات کے نتائج کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ جوزف بورل نے کہا کہ ہماری نظر میں اسلامی جمہوریہ کے اکثر مطالبات پر غور کیا گیا ہے اور ہم مذاکرات کے کوارڈی نیٹر کی حیثیت سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ مذاکرات اپنے حتمی نتائج اور آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے ویانا مذاکرات میں یورپی یونین کے کوارڈی نیٹر کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک اچھے اور فوری سمجھوتے کو حتمی شکل دینے کے لئے تیار ہے تاہم مغربی فریق کی عجلت، اسلامی جمہوریہ ایران کی ریڈلائن کی پابندی کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سمجھوتے کو جلد سے جلد حتمی شکل دینے کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ویانا میں وزرائے خارجہ کی موجودگی اور حتمی سمجھوتے کے اعلان سے قبل ضروری ہے کہ ایران کی اعلان کردہ ریڈلائن کی مکمل پابندی اور ایران کو مؤثر اقتصادی ضمانت دی جائے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جب بھی مغربی فریق ہماری باقی ماندہ اور اعلان شدہ ریڈلائن کو تسلیم کرلے گا، اس وقت ہم ویانا پہنچ جائیں گے۔
ایران کے خلاف امریکہ کی پابندیوں کی منسوخی کے لئے آٹھ فروری سے ویانا میں ہونے والے مذاکرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ تمام فریقوں کا اس بات کا اعتراف ہے کہ بعض پیچیدہ مسائل کے باوجود مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے۔