Mar ۲۲, ۲۰۲۲ ۲۲:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران کے دشمنوں کے لئے بری خبر، جلد ہی نئے فوجی ساز و سامان کی ہوگی رونمائی

ایران کے ایک سینئر کمانڈر کا کہنا ہے کہ تہران بہت جلد ہی طویل فاصلے کے ڈرون طیاروں اور اینٹی ٹینک میزائلوں کی رونمائی کرنے والا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی زمینی فوج کے ایک سینئر کمانڈر نے بتایا کہ مستقبل قریب میں طویل فاصلے کے ڈرون طیاروں اور اینٹی ٹینک میزائلوں کی رونمائی کی جائے گی۔

بریگیڈیر جنرل کیومرث حیدری نے صوبہ خراسان جنوبی کے زیرکوہ شہر میں بارڈر سیکورٹی فورس کے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ بہت جلد ہی طویل فاصلے کے ایسے ڈرون طیارے سامنے آئیں گے جو ہر طرح کے موسم میں اپنی کارروائیاں انجام دینے کی توانائی رکھتے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسی کے ساتھ ایسے اینٹی ٹینک میزائلوں کی بھی رونمائی ہوگی جو پیشرفتہ ٹکنالوجی سے لیس ہوں گے۔

بریگیڈیر جنرل کیومرث حیدری نے کہا کہ ہمارے دشمنوں نے گزشتہ 43 برسوں سے ملک کے خلاف کئی طرح کی سازشیں کی ہیں تاہم ان کو ان میں کامیابی نہیں ملی اور وہ ہر محاذ پر ناکام رہے۔

ایران کی زمینی فوج کے کمانڈر نے کہا کہ اس ملک کے ایک فوجی کی حیثیت سے میں دشمنوں سے یہ کہنا چاہتاہوں کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنی دشمنی چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ کسی بھی طرح کی بیوقوفی کرتے ہیں تو پھر ان کو ایسا دندان شکن جواب دیا جائے گا جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

 

ٹیگس