Mar ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۵ Asia/Tehran
  • افغانستان میں قومی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ساتھ  مالیاتی فنڈ کا قیام ضروری ہے: ایران

 ایران کے وزیر خارجہ  نے کہا ہے کہ ایک میکنزم کا قیام اور ایک جامع قومی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ساتھ افغان عوام کی مدد کے لیے ایک مالیاتی فنڈ کا قیام ضروری ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے چین کے شہر تونشی میں منعقدہ افغان پڑوسی ممالک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پڑوس میں پُرامن افغانستان کی امید رکھتے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ  افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پڑوسیوں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ افغانستان میں امن و استحکام اور اس کے عدم تحفظ کا براہ راست اثر پڑوسیوں پر پڑ سکتا ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے افغانستان میں خواتین کے کردار کی ضرورت سے متعلق کہا کہ افغانستان میں خواتین کا کردار ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ اسلام ایک ترقی پسند اور رحمدل مذہب ہے اور مختلف شعبوں میں خواتین کی موجودگی کو ان کا ناقابل انکار حق سمجھتا ہے، لہذا ہمیں ایک بار پھر افغانستان کی مسلم کمیونٹی میں خواتین کے کردار کی اہمیت پر زور دینے کی ضرورت ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کے عوام کی خدمت کے لیے بیرون ملک افغانستان اثاثوں کی بحالی ضروری ہے، امریکہ نے 20 برسوں تک افغانستان پر قبضہ جمائے رکھا اور اب افغانستان کے اثاثوں کو منجمد کر رکھا ہے جو ایک غلط کام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  جب امریکیوں نے افغانستان پر اپنے قبضے کے دوران افغان عوام کے لیے ایک چھوٹا سا کمرہ بھی کلینک کے طور پر نہیں بنایا لیکن آج وہ افغانستان کی تعمیر نو کی بات کر رہے ہیں، اگر وہ افغانستان کی مدد میں اپنی نیک نیتی ثابت کر دیتے تو آج ہمیں افغانستان میں بدترین انسانی صورتحال کا مشاہدہ نہیں کرنا پڑتا۔

حسین امیر عبداللہیان نے یہ بات زور دیتے ہوئے کہی کہ آج ہم جس بات کا وعدہ دے رہے ہیں اس کا تعلق ایک اہم مسئلے سے ہے؛ افغانستان کو تمام گروہوں کی شمولیت کے ساتھ ایک جامع حکومت کے قیام کی ضرورت ہے، ایسی حکومت جو افغانستان کے استحکام، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کی ضمانت دے۔

واضح رہے کہ چین میں شروع ہونے والے اس دو روزہ اجلاس کا اختتام آج ہو گا۔ اس اجلاس میں ایران، پاکستان، چین، ترکمنستان، ازبکستان، روس، تاجیکستان اور روس کے علاوہ قطر اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ اور اعلی عہدےدار شرکت کر رہے ہیں۔

ٹیگس