Apr ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ سے چین اور افغانستان کے وزراء خارجہ کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سے چین اور افغانستان کے وزراء خارجہ نے ملاقات کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور چین کے وزراء خارجہ نے باہمی ملاقات میں ایران اور چین کی بڑی اقتصادی ظرفیتوں کو فعال کرنے پر تاکید کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے چین میں افغانستان کے امور سے متعلق کانفرنس کے ضمن میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں ایران اور  چین کے وزراء خارجہ نے ایران اور چین کے اقتصادی شعبوں کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے اس ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کے اعلی حکام کا اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق ہے اور وہ عالمی سطح پر انسانی حقرق کو سیاست کی نظر کرنے اور دوسرے ممالک کے امور میں مداخلت کے خلاف ہیں۔

در ایں اثناء ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نےچین کے شہر تونشی میں افغان پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرایران کے وزیر خارجہ نے ایک جامع حکومت کی تشکیل کو افغانستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے خواتین کے حقوق کی پاسداری پر بھی زور دیا جس پر اسلام اور اس کے عظیم پیغمبر(ص) نے زور دیا ہے اور ہر سطح پر تعلیم اور خواتین کی سماجی شرکت کو ایک اہم مسئلہ قرار دیا۔

اس ملاقات میں افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے افغانستان کی سرزمین ہمسایہ ممالک کے لیے خطرے کا باعث نہ بننے کی یقین دہانی کراتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر زور دیا۔

امیر عبداللہیان نے چین میں منعقدہ افغان پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی، پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملکوں کے وزراء خارجہ سےالگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ افغان پڑوسی ممالک کے تیسرے اجلاس کا چین کی میزبانی میں انعقاد کیا گیا۔

خیال رہے کہ افغان پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کا دوسرا اجلاس 27 اکتوبر 2021 کو اسلامی جمہوریہ ایران کی میزبانی میں انعقاد کیا گیا۔ جبکہ افغان پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کا پہلا ورچوئل اجلاس 8 ستمبر 2021 کو اسلام آباد کی میزبانی میں منعقد ہواتھا۔

ٹیگس