Apr ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • ایران سفارت کاری کا سلسلہ جاری رکھے گا

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تہران ایک باعزت، پائیدار اور اچھے معاہدے کے حصول کے لیے سفارت کاری کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ میں، بیرونی اقتصادی تعلقات کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ ہم عزت مند طور پر پابندیوں کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تین یورپی ملکوں کے ساتھ ہونے والے فنی مذاکرات میں کچھ پیشرفت بھی حاصل ہوئی ہے ۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ روس کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ ویانا میں کسی معاہدے کی صورت میں ماسکو اس میں روکاوٹ نہیں بنے گا۔

حسین امیر عبداللہیان  نے کہا کہ امریکہ نے کچھ ایسے مطالبات کیے ہیں جو معاہدے کے متن کے منافی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے، ویانا مذاکرات سے باہر رہتے ہوئے، نئی شرائط عائد کرنا چاہتا ہے جو ہمیں قبول نہیں ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران اپنی مقرر کردہ سرخ لائنوں پر کھڑا ہے اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا۔

ٹیگس