شام کے صدر بشار اسد کی رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بین الاقوامی جنگ میں شامی حکومت اور عوام کی کامیابی کو قابل تعریف قرار دیا ہے۔
تہران میں شام کے صدر بشار اسد اور ان کے ہمراہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے فرمایا کہ شام اپنے عوام اور حکومت کی استقامت کے نتیجے میں ایک بین الاقوامی جنگ میں کامیاب رہا ہے جس سے اس کے وقار اور سربلندی میں اضافہ ہوا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے صیہونی مخالف عوامی جذبات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ آج خطے کے بعض ممالک صیہونی حکام کے ساتھ میل جول کر رہے ہیں لیکن ان ہی ملکوں کے عوام یوم قدس کے موقع پر صیہونیت مخالف نعرے لگاتے ہیں اور یہ ایک علاقائی حقیقت ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران اور شام کے درمیان تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ پر بھی زور دیا۔
شام کے صدر بشار اسد نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایرانی حکومت اور عوام کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے شہید قاسم سلیمانی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چالیس سال کے دوران علاقائی مسائل اور خاص طور سے مسئلہ فلسطین کے بارے میں ایران کی استقامت اور پائیداری کے نتیجے علاقے کے عوام سمجھنے لگے ہیں کہ ایران ٹھوس اور اصولی راستے پر گامزن ہے۔
شام کے صدر نے کہا کہ دنیا سمجھتی ہے کہ ایران استقامتی محاذ کو اسلحہ جاتی امداد فراہم کرتا رہا ہے حالانکہ ایران کی اہم ترین امداد، خطے میں استقامت کی پائیدار روح کو پروان چڑھانا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور شام کے اسٹریٹیجک تعلقات کی بدولت، اسرائیل خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔