اسلامی ایرانی تشخص کی حامل نسل کی تربیت کی جائے: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے قومی اسلامی اور ایرانی تشخص کی حامل نسل کی تربیت پر زور دیا۔
بدھ کو شعبہ تعلیم سے وابستہ ہزاروں اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ نوجوان نسل کو قومی اسلامی اور ایرانی تشخص کی حامل، خود اعتمادی کی دولت سے بہرمند، انقلابی امنگوں سے آکاہ نیز دانشور اور کارآمد بنانے کی ضرورت ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے انسانی وسائل کو کسی بھی تہذیب کا بنیادی ڈھانچہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ، نئی اسلامی تہذیب قائم کرنے والی نسل آج کے اساتذہ کے اختیار میں ہے، بنا برایں اساتذہ کے کام کی اہمیت کو اس زاویئے سے دیکھا جانا چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ پچھلے چار عشروں کے دوران ، ہمارے اساتذہ کے دامن سےتربیت پاکر مختلف شعبوں کے ماہرین سامنے آئے ہیں لیکن یہ کافی نہیں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ایک پرشکوہ اسلامی تہذیب کے لیے تعلیم و تربیت کے عمل کو بھرپور اور ہمہ گیر بنانے کی ضرورت ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے طلبہ میں استقامت و پائیداری کے مفاہیم کو راسخ کیے جانے کی اہمیت پر پھی زور دیا ۔ آپ نے فرمایا کہ موجودہ دور میں جہاں مغرب سے مشرق تک ہرکوئی اپنا زور چلا رہا ہے، آئندہ نسل کو استقامت اور پائیداری کی قدر و منزلت سے آگاہ کیا جانا ضروری ہے، تاکہ وہ تہذیب ساز بن کر ملک وقوم کے وقار کو بلند کرسکیں۔