May ۱۲, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۳ Asia/Tehran
  • فٹبال ورلڈ کپ، قطر نے ایران کی پیشکش کا خیر مقدم کیا

امیر قطر کا کہنا ہے کہ ہم 2022 ورلڈ کپ کی میزبانی میں تعاون کرنے کی ایران کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ 

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امیر قطر نے قطر ورلڈ کپ میں شرکت کے خواہشمند ایرانی شائقین کے لیے ویزا جاری کرنے کے عمل کو آسان بنانے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ ہم 2022 کے ورلڈ کپ کے انعقاد میں ایران کے تعاون کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے تہران میں امیر قطر کے استقبال کے موقع پر ہوئی ملاقات  میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی سطح کا ذکر کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بالخصوص ایران کے حوالے سے قطر کے مؤقف کی قدردانی کی۔ 
انہوں نے خطے میں صیہونیوں کی موجودگی اور گزشتہ روز مقبوضہ علاقوں میں ظالم، جابر اور  غاصب حکومت کے ہاتھوں الجزیرہ کی رپورٹر کی شہادت کے بارے میں قطری حکومت کے موقف کی بھی قدردانی کی۔ 

نائب صدر محمد مخبر نے تہران اور دوحہ کے درمیان دوطرفہ اور علاقائی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی میں ان تعلقات کے کردار پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لیے مشترکہ کمیشن کے انعقاد پر زور دیا۔
نائب صدر نے یمن اور افغانستان جیسے خطے کے بعض ممالک کے بحرانوں کو حل کرنے میں ایران اور قطر کے درمیان تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو تاریخی اور مضبوط قرار دیا اور ایران میں اپنی موجودگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی اور صدر کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو اہم قرار دیا۔

ٹیگس