May ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران سے آگ بجھانے والا طیارہ پاکستان پہنچ گیا

ایران نے پاکستان کے صوبے بلوچستان کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے آگ بجھانے والا طیارہ پاکستان بھیجا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے تعاون سے برادر ہمسایہ ملک پاکستان کے صوبے بلوچستان کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لیے جانے والا ایلوشین طیارہ منگل کی رات راولپنڈی کے نورخان ایئر بیس پر اتر گیا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی فضائیہ اور نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل کے عہدیداروں کے علاوہ ایرانی ناظم الامور محمد سرخابی اور فوجی اتاشی مصطفی قنبرپور بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
 قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ کئی کلومیٹر تک پھیل گئی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
 آگ کے نتیجے میں شیرانی کے اطراف میں زرعی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ آگ کے پھیلاو کو دیکھتے ہوئے پورے علاقے میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
 جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں آگ بجھانے کے وسائل کی کمی کے باعث پاکستان کی حکومت نے اسلامی جمہوریہ ایران سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست کی تھی۔

ٹیگس