Jun ۰۴, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • امریکہ اور یورپی ممالک کے سیاسی اقدام کا مناسب، موثر اور فوری جواب دیا جائیگا: ایران

ایران نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے میں امریکہ اور تین یورپی ممالک کی طرف سے کسی بھی سیاسی اقدام کا مناسب، مؤثر اور فوری جواب دے گا۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل سے ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں پابندیوں کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال کے ساتھ ساتھ ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں حسین امیرعبداللہیان نے ایک اچھے، مضبوط اور پائیدار معاہدے تک پہنچنے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم و ارادے اور نیک نیتی کا ذکر کرتے ہوئے امریکہ اور تین یورپی ممالک کی جانب سے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کی قرارداد کا مسودہ تیار کرنے کے لیے حالیہ اقدام کو سفارت کاری کے عمل  کے خلاف اور جلد بازی اور غیر تعمیری اقدام قرار دیا جس سے مذاکراتی عمل مزید مشکل اور پیچیدہ ہو جائے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے ایرانی پارلیمنٹ کے قانون کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران IAEA میں امریکہ اور تین یورپی ممالک کی طرف سے کسی بھی سیاسی اقدام کا مناسب، مؤثر اور فوری جواب دے گا۔

امیرعبداللہیان نے صیہونی حکومت کی تخریب کاری کا جو خود دنیا میں غیر قانونی ایٹمی سرگرمیوں کی اصل مجرم ہے، ذکر کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے موقع پر آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے دورہ تل ابیب کوغیر جانبداری کے اصول اور ایجنسی کے تکنیکی اور پیشہ ورانہ موقف کے منافی قرار دیا۔

انہوں نے جوزف بورل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایک بار پھر حقیقت پر مبنی مذاکرات کو جاری رکھنے کیلیے ایران کی آمادگی کا اظہار کیا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے اس ٹیلی گفتگو میں مذاکرات کو ناکام بنانے کیلئے ہونے والی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے مذاکراتی عمل کو تیز کرنے اور کسی معاہدے تک پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے IAEA میں موجودہ منفی ماحول کو دور کرنے کے لیے مشاورت اور وعدوں پر تمام فریقین کی واپسی کے لیے بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 

ٹیگس